لاہور: الحمرا میں کمرشل سٹیج ڈراموں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ الحمرامیں کمرشل سٹیج ڈراموں پر پابندی عائد کرنے کے بعد تمام بکنگ منسوخ کردی گئی ہیں۔
پنجاب حکومت نے الحمرا مال روڈ لاہور میں کمرشل سٹیج ڈراموں پر پابندی لگا دی ہے۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا ہے الحمرا آرٹس کونسل میں کمرشل سٹیج ڈراموں پر پابندی عائد ہونے کے بعد ان کی تمام بکنگز منسوخ کرادی ہیں۔
عامر میر کا کہنا ہے یہ فیصلہ سٹیج ڈراموں کے نام پر فحش ڈانس کرانے اور عریانی پھیلانے پر کیا گیا۔ان ڈانسرز کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا الحمرا مال روڈ کو اب صرف ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جائے گا جبکہ کمرشل ڈراموں پر پابندی صرف الحمرا مال روڈ میں لگائی گئی ہے. تاہم حدود و قیود کے اندر رہتے ہوئے الحمرا کلچرل کمپلیکس میں کمرشل ڈرامے جاری رہیں گے۔