اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ امید ہے بھارت پاکستان کرکٹ ٹیم کو سیکیورٹی فراہم کرے گا۔ گراؤنڈ اور اس سے باہر پاکستانی کھلاڑیوں کو ممکنہ ہراساں ہونے سے بچایا جائے۔ اقلیتوں کی عبادت گاہوں اورگھروں کو جلانا غیر قانونی وغیر آئینی ہے۔ایسے واقعات ناقابل برداشت ہیں۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ جڑانوالہ واقعےپر قانون نافذ کرنے والے ادارے ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لارہے ہیں۔اقلیتوں کو پاکستان میں برابری کے حقوق حاصل ہیں۔وزیراعظم نے جڑانوالہ واقعے کی شدید مذمت کی ہے ترجمان دفترخارجہ کاکہناتھا کہ گوادر میں 15 اگست کو دہشت گردی کا ہدف چینی شہری تھے۔
انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے تعلقات اس قسم کے واقعات سے متاثر نہیں ہوں گے۔ ملک میں سیاسی صورتحال پر پیش رفت سے متعلق مختلف غیر ملکی حکومتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔پاکستان باربار کہہ چکا ہے افغانستان سے امن چاہتے ہیں ۔ دونوں ممالک ایک ہی مذہب و ثقافتی رشتے میں بندھے ہیں ۔ہمیں افغانستان سے دہشت گردی پر شدید تشویش ہے ۔دہشت گردی دونوں ممالک کے تعلقات کو متاثر کررہی ہے۔سائفر کے مندرجات پر دفتر خارجہ ابھی کوئی بات نہیں کرسکتا ۔یہ سائفر ایک نجی ادارے نے شائع کیا اور ان کا دعویٰ ہے۔