پی سی بی کا کرکٹ کی تاریخ کا نیا پرومو جاری، ویڈیو میں عمران خان شامل،   بورڈ پر تنقید کرنے والے سابق کرکٹر غائب

 پی سی بی کا کرکٹ کی تاریخ کا نیا پرومو جاری، ویڈیو میں عمران خان شامل،   بورڈ پر تنقید کرنے والے سابق کرکٹر غائب
سورس: File

لاہور:  1947 میں ملک کی آزادی کے بعد سے قومی ٹیم کی کامیابیوں کا جشن منانے والی ویڈیو  پر ردعمل کا سامنا کرنے کے بعد تازہ ترین ویڈیو میں، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈ کپ 1992 کے فاتح کپتان عمران خان کو تو شامل کر لیا۔ لیکن، اس نے بظاہر سابق کپتان وسیم اکرم کو ویڈیو سے ہٹا دیا جنہوں نے کرکٹ بورڈ  پر عمران خان کو نظر انداز کرنے پر تنقید کی تھی۔  1992 کے ورلڈ کپ فائنل کی جھلکیوں میں مین آف دی میچ رہنے والے وسیم اکرم نہیں ہیں۔

14  اگست کو پی سی بی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں 1952 سے لے کر آج تک کرکٹ سے متعلق تاریخی اور یادگار واقعات کے مناظر دکھائے گئے تاہم سابق کپتان عمران خان پرومو سے غیر حاضر رہے جس پر شائقین اور سابق کھلاڑی نے پی سی بی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ شائقین نے پی سی بی کے پہلے پرومو میں ٹیسٹ چیمپئن شپ اور ویمن ٹیم کی فتوحات نہ دکھانے پر پی سی بی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

شائقین کی تنقید کے بعد پی سی بی نے پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا نیا پرومو جاری کر دیا، جس کی وضاحت کچھ یوں دی گئی کہ جو  ویڈیو 14 اگست 2023 کو اپ لوڈ کی گئی تھی اس کی لمبائی کی وجہ سے، ویڈیو کو مختصر کر دیا گیا تھا اور کچھ اہم کلپس غائب تھے۔ ویڈیو کے مکمل ورژن میں ان تمام چیزوں کو درست کر دیا گیا ہے۔

پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ نئے پرومو  میں خواتین کرکٹرز کے علاوہ عمران خان کی ویڈیو اور تصاویر بھی پوسٹ کی گئیں۔ نئے پرومو میں عمران خان کو ورلڈ کپ ٹرافی اٹھاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ 

پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے نئے پرومو میں ایشین گیمز میں پاکستان ویمن ٹیم کی فتح کا ذکر بھی کیا گیا ہے جب کہ نئی ویڈیو میں ندا ڈار کا 100 وکٹوں کا ریکارڈ بھی شامل کیا گیا ہے۔ پی سی بی نے نئی ویڈیو میں مصباح کے ٹیسٹ میس کو بھی شامل کیا ہے۔

تاہم  کرکٹ بورڈ کو تنقید کا نشانہ بنانے،  کرکٹ کو سیاست سے دور رکھنے پر زور دینے اور عمران خان کو ویڈیو میں نظر انداز کرنے پر بورڈ سے ویڈیو ڈیلیٹ اور معافی مانگنے کا مطالبہ کرنے والے سابق لیجینڈری پلیئر وسیم اکرم کو ہی نئی ویڈیو میں غائب کر دیا گیا۔  یاد رہے 1992 کے ورلڈ کپ میں وسیم اکرم مین آف دی میچ تھے۔

مصنف کے بارے میں