اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 2 دن کے ریمانڈ اور 2 دن کی جیل میں کیوں زلزلے آ رہے ہیں، لاڈلے کو ایک رات جیل میں گزارنی پڑی تو پوری انتظامیہ ہل گئی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطاءتارڑ نے کہا کہ کیا عمران خان نے اپنے چیف آف سٹاف کو بیان دینے پر برطرف کیا؟ کیا آپ ملک دشمن بیانئے کے ساتھ کھڑے ہیں؟ اس سارے کھیل میں پرویز الٰہی پیچھے بیٹھ کر ڈوریاں ہلا رہے ہیں، وہ جیل میں ملاقاتیں کروا رہے ہیں اور پروٹوکول دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جیل پنجاب حکومت کے زیر انتظام ہے اور ایک قیدی کی وجہ سے پوری جیل انتظامیہ تبدیل کردی گئی ہے، اختیارات کا ناجائز استعمال اور کیا ہوتا ہے؟ پنجاب میں (ق) لیگ کی حکومت ہے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اس کی اتحادی ہے۔
عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ جب رانا ثناءاللہ کو قید کیا گیا اور شہباز شریف کو قید رکھا گیا تب کسی جیل سپرنٹنڈنٹ کا تبادلہ ہوا؟ لاڈلے کو ایک رات جیل میں گزارنی پڑی تو پوری انتظامیہ ہل گئی۔ عمران خان کہتے ہیں کہ شہباز گل پر تشدد ہوا اور جیل انتظامیہ بدل دی گئی، تفتیش کے دوران جو انکشافات ہوئے اس پر پولیس نے اپنا موقف سامنے رکھا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب مقدمات میں 88 اور 70 دن تک کا ریمانڈ ہوا، یہ پی ٹی آئی والے ہیں جو ہلکی سی سختی پر رونے لگتے ہیں، کیا شہباز گل پر چرس ڈالی گئی ہے؟ ہمارے ساتھ جو کچھ ہوا ہم نے اس پر اف تک نہیں کیا۔