شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی پولیس نظرثانی اپیل پر فیصلہ محفوظ

شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی پولیس نظرثانی اپیل پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد: ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماءشہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی پولیس نظرثانی اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد ہونے کے خلاف نظرثانی درخواست کی کیس کی سماعت ہوئی۔ 
سپیشل پبلک پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی جبکہ شہباز گل کے وکلاءسلمان صفدر اور فیصل چوہدری عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور اپنے دلائل مکمل کئے جبکہ تفتیشی افسر نے ریکارڈ عدالت کے سامنے پیش کیا۔ 
شہباز گل کے وکیل سلمان صفدر نے جنرل مرزا اسلم بیگ اور ائیر چیف مارشل اصغر خان کیس کا حوالہ دیا جبکہ دلائل مکمل ہونے پر بعد ایڈیشنل سیشن جج کی جانب سے فیصلہ محفوظ کر لیا گیا جو آج تین بجے سنائے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایڈیشنل سیشن جج کو جسمانی ریمانڈ کی پولیس نظرثانی درخواست دوبارہ سن کر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔ 
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماءاور سابق وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماعت ختم ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سیشن عدالت سے اچھا فیصلہ آئے گا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ شہباز گل عمران خان کے چیف آف سٹاف تھے اور ان پر تشدد کیا گیا اور دوبارہ ریمانڈ کا مقصد بھی ان پر تشدد کر کے عمران خان کے خلاف بیان لینا ہے تاہم امید ہے شہباز گل کو تشدد کیلئے پولیس کے حوالے نہیں کیا جائے گا۔

مصنف کے بارے میں