ماسکو: روس کا ایک فوجی ٹرانسپورٹ پروٹوٹائپ طیارہ ماسکو کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔
روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کو پروٹو ٹائپ فوجی مال بردار طیارہ ماسکو کی حدود کے باہر گر کر تباہ ہوگیا، طیارے میں پائلٹ سمیت 3 افراد سوار تھے جو حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں ۔
فوجی طیارہ ٹیسٹ پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوا، طیارہ ماسکو کے جنگلات کے قریب اس وقت گر کر تباہ ہوا جب وہ ایئر فیلڈ پر لینڈنگ کے لیے آ رہا تھا۔
رپورٹس کے مطابق طیارے کے دائیں انجن میں دوران پرواز آگ لگ گئی تھی، روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایلیوشن Il-112V پروٹوٹائپ طیارے پر تین افراد سوار تھے، جن میں ایک روس کے ہیرو نکولائی کوئموف بھی شامل تھے، اور ان کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
نکولائی کوئموف نے مارچ 2019 میں مذکورہ طیارے کی پہلی ٹیسٹ پرواز کامیابی سے اڑائی تھی، جس پر انھیں ہیرو کی حیثیت دی گئی تھی۔
روسی محکمہ دفاع نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیشن تشکیل دیا جا رہا ہے، طیارہ حادثے کی ممکنہ ابتدائی وجوہ میں انجن میں آگ لگنا، پائلٹ کی غلطی، اور دیگر پرزوں کا کام نہ کرنا شامل ہیں۔