کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال کے باعث محرم الحرام میں سیکیورٹی خدشات بھی بڑھ گئے ہیں جس کے باعث کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال کے بعد محرم الحرام میں خطرات موجود ہیں تاہم حکومت نے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے ہوئے ہیں اور صوبائی حکومت کوشش کر رہی ہے کہ خطرات پر قابو پانے کیلئے ہر طرح کے اقدامات اٹھائیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عاشورہ کے موقع پر سیکیورٹی اقدامات کے باعث عوام کو تکلیف ہوتی ہے اور اس کا بخوبی اندازہ ہے مگر عوام سے درخواست ہے کہ وہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر حکومت سے تعاون کرے۔
شہر قائد کے علاقے مواچھ گوٹھ میں چند روز قبل پیش آئے واقعے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ غیرمتوقع اور بزدلانہ واقعہ تھا اور ابھی تک کسی تنظیم نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ سندھ حکومت پوری کوشش کرے گی کہ عاشورہ کے موقع پر یا اس کے بعد ایسا کوئی واقعہ پیش نہ آئے۔