کابل : طالبان رہنماؤں نے اتوار کے روز کابل میں محرم الحرام کے حوالے سے حسینی پرچم اتارنے پر معذرت کرلی ،
افغان شہر مزار شریف میں طالبان سیکورٹی آفیشل مولوی عبدالقادر نے مسجد و امام بارگاہ محمد رسول اللہ میں محرم کی ماتمی مجلس میں شرکت کی ۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کچھ طالبان ارکان کے حسینی پرچم نیچے کرنے کے اقدام پر معذرت خواہ ہوں اور یہ ایک غیر ذمہ دارانہ فعل تھا۔ ہم اپنے شیعہ بھائیوں کی توہین نہیں کرنا چاہتے ۔ہم مزار شریف میں بھائیوں کی طرح اکٹھے رہنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں حنفی صوفی ہوں اور پیغمبر اسلام کے نواسے حضرت امام حسین کا احترام کرتا ہوں اور ان کی شہادت کی برسی پر غمزدہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ کسی کو بھی دوسروں کی مذہبی رسومات میں مداخلت کا حق نہیں دیا جائے گا اور کسی بھی شیعہ پر حملہ کی اجازت نہیں دی جاۓ گی۔