اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ یوم عاشور کے موقع پر موبائل فون سروس ضرورت کے تحت ہی بند کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سیکیورٹی اقدامات سے عوام کو کسی بھی طرح کی پریشانی نہ ہو۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی سربراہی میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں سمیت وفاقی سیکرٹری داخلہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا جبکہ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ یوم عاشور کے موقع پر امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے سول آرمڈ فورسز تعینات کی گئی ہے جو انتظامیہ کے معاونت کرے گی۔
انہوں نے شرکاءکو بتایا کہ حساس علاقوں کی سیکیورٹی کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خصوصی اقدامات اٹھائے ہیں جبکہ اجلاس کے دوران یوم عاشور پر قیام امن کو یقینی بنانے حوالے سے باہمی مشاورت کیساتھ حکمت عملی مرتب کی گئی اور صورتحال کے مسلسل جائزے کیلئے وزارت داخلہ میں خصوصی سیل بھی قائم کیا گیا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یوم عاشور پر امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی حکومت صوبوں کو تکنیکی اور دیگر معاونت کی فراہمی یقینی بنائے گی اور خصوصی سیل 24 گھنٹے کام کرتا رہے گا، محرم الحرام میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عاشورہ کے موقع پر قیام امن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور عوام کے جان و مال کا خیال رکھنے کیساتھ ساتھ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ سیکیورٹی اقدامات سے عوام کو پریشانی نہیں ہونی چاہیے، موبائل فون سروس کو ضرورت کے وقت معطل کیا جائے۔
یوم عاشور پر موبائل فون سروس ضرورت کے تحت بند کی جائے: شیخ رشید
01:30 PM, 17 Aug, 2021