اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسدعمر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاحسن اقبال پر بننے والے نارووال سپورٹس سٹی منصوبے میں نیب ریفرنس کو غلط قرار دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی کے چیئرمین جنید اکبر کی زیر صدارت اجلاس میں احسن اقبال نے کہاکہ میرے خلاف نارووال سپورٹس سٹی کا ریفرنس ہے، 2009ءمیں پیپلز پارٹی کے دور میں بنا اور موجودہ وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے اپنے حلقے کیلئے 4 منصوبے منظور کرائے، کیا ان پرریفرنس نہیں بنتا؟
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ میرے خیال میں تو اب کیا، پہلے والے منصوبے میں بھی نیب ریفرنس نہیں بنتا، اگر حلقے میں منصوبہ شروع ہونے کی بنیاد پر احسن اقبال پر کیس بنایا گیا تومیرے خیال میں نیب ریفرنس نہیں بنتا۔
اس پر احسن اقبال کاکہنا تھا کہ آدھی وزارت منصوبہ بندی نارروال ریفرنس میں میرے خلاف وعدہ معاف گواہ بنی ہوئی ہے، میرے خیال ریفرنس یہ ہے کہ نارروال سپورٹس سٹی کا منصوبہ صوبائی شعبہ تھا اور وفاق نے اسے انجام دیا۔
احسن اقبال نے کہاکہ دیا میر بھاشا ڈیم کی اصل لاگت بڑھ چکی ہے اور بات بگڑتے بگڑتے یہ ایک اور نیلم جہلم بن جائے گا، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءاسد عمر نے احسن اقبال کی اس بات پر بھی اتفاق کیا اور کہا کہ یہ بات درست ہے، ہم اس کو دیکھتے ہیں۔