لاہور: اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن ایک ایسا فیچر ہے جس کے تحت جب صارف اپنے موبائل سے پیغامات سمیت کسی بھی صورت میں ڈیٹا کسی دوسرے صارف کے پاس بھیجتا ہے تو یہ اپنی منزل تک پہنچنے سے پہلے ڈی کرپٹ رہتا ہے جس کا مطلب ہے کہ کوئی بھی شخص اس ڈیٹا کو سمجھنے سے قاصر ہوتا ہے۔
مثال کے طور پر اگر آپ اینڈ ٹو اینڈ اینکرپٹڈ سروس کو استعمال کرتے ہوئے کسی دوست کو کوئی پیغام بھیجتے ہیں تو وہ سرور جو آپ کے پیغام کو مطلوبہ شخص تک پہنچانے کا کام کرتا ہے، وہ بھی اسے سمجھنے سے قاصر ہوتا ہے ۔
فیس بک مسینجر نے یہ فیچر ایک آپشن کی صورت میں متعارف کرایا تھا جسے ’سیکرٹ کنورسیشن‘ کا نام دیا گیا تھا اور اب کمپنی نے مسینجر کے ذریعے کی جانے والی آڈیو اور ویڈیو کالز کیلئے بھی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن متعارف کرا دی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ فیس بک مسینجر کے ذریعے ہر روز تقریباً 150 ملین کالز کی جاتی ہیں۔ فیس بک نے اپنے مسینجر میں سب سے پہلے 2016ءمیں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا فیچر متعارف کرایا تھا جبکہ واٹس ایپ سمیت متعدد ایپلی کیشنز میں یہ فیچر پہلے سے ہی موجود ہے جبکہ کمپنی کا کہنا ہے کہ جلد ہی مسینجر میں خودکار طریقے سے ختم ہونے والے پیغامات بھیجنے کا فیچر بھی متعارف کرایا جائے گا۔