بھارتی سفیر اور عملہ کابل سے نکلنے میں کامیاب 

بھارتی سفیر اور عملہ کابل سے نکلنے میں کامیاب 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کابل: افغانستان میں بھارتی سفیر اور عملہ دارالحکومت کابل سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے ہیں جنہیں گزشتہ شام کابل ائیرپورٹ لایا گیا تھا اور اب انہیں بھارت پہنچایا جا رہا ہے۔ 
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بھارت نے افغان دارالحکومت کابل سے اپنے سفارتکار اور سفارتی عملے کو نکال لیا ہے اور انہیں بھارت پہنچایا جا رہا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ کابل میں موجود بھارتی سفارتکار اور دیگر سفارتی عملے کو واپس بلایا گیا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال کے باعث کابل سے بھارتی سفیر اور عملے کو فوری بھارت لانے کا فیصلہ کیا گیا اور بھارتی ایئر فورس کا طیارہ 120 رکنی بھارتی سفارتی عملے کو لے کر کابل سے روانہ ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز طالبان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں داخل ہوکر افغان صدارتی محل پر قبضہ کرنے کیساتھ ساتھ تمام سرکاری تنصیبات پر بھی قبضہ کر لیا تھا جس کے بعد افغان صدر اشرف غنی اور نائب صدر امراللہ صالح الگ الگ طیاروں کے ذریعے ملک سے چلے گئے۔ 
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’الجزیرہ ‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان محمد نعیم نے کہا تھاکہ آج افغان عوام اور مجاہدین کیلئے ایک عظیم دن ہے جنہیں 20 برس کی قربانیوں اور جدوجہد کا پھل مل گیا ہے، ہمارا مقصد اپنے ملک اور عوام کو آزادی دلانا تھا جو ہم نے حاصل کر لیا اور اب ملک میں جاری جنگ ختم ہو گئی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں نئی حکومت کیلئے ہم تمام افغان رہنماﺅں کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار ہیں اور ان کے تحفظ کی ضمانت دیتے ہیں، طالبان اقوام عالم کیساتھ پرامن تعلقات کی خواہش رکھتے ہیں۔ 
دوسری جانب افغان طالبان کے سیاسی ونگ کے سربراہ ملا برادر نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ طالبان کو فتوحات اللہ تعالیٰ کی مددت کیساتھ حاصل ہوئی ہے اور اس پر میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں، افغان عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ حالات بہتر کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔