ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان، پاکستان کا پہلا ٹاکرا بھارت کیساتھ ہوگا

10:28 AM, 17 Aug, 2021

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ ایونٹ 17 اکتوبر سے شروع ہوگا۔ اومان اور یو اے ای میزبانی کریں گے۔

انٹرنیشل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق کرکٹ کے روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ 24 اکتوبر کو ہوگا۔ پاکستان اپنا دوسرا میچ 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ جبکہ افغانستان کیساتھ 31 اکتوبر  کو تیسرا میچ کھیلے گا۔

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے راؤنڈ ون میں پہلا مقابلہ میزبان اومان اور پاپوا نیو گنی کے درمیان 17 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ راؤنڈ ون کے مقابلے 22 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔ اس کے بعد گروپ اے اور گروپ بی میں پہلی پوزیشن پر آنے والی دو ٹیمیں سپر 12 مرحلے میں داخل ہو جائیں گی جس کا آغاز 23 اکتوبر سے ہوگا۔

سپر 12 سٹیج میں ٹورنامنٹ میں براہ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کے درمیان میچوں کا آغاز 23 اکتوبر کو ہوگا۔ گروپ ون میں شامل ٹیموں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان اس روز پہلا میچ کھیلا جائے گا۔ جبکہ بعد ازاں دوسرے میچ میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔

روایتی حریفوں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان اہم میچ 30 اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد گروپ ون کا آخری میچن 6 نومبر کو آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 6 نومبر کو ابوظہبی جبکہ انگلینڈ اور جنوبی افریقا کا میچ شارجہ میں ہوگا۔

گروپ ٹو کا سب سے بڑا مقابلہ 24 اکتوبر کو دبئی کے میدان میں دنیائے کرکٹ کی سب سے بڑی حریف ٹیموں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا۔ تمام کرکٹ شائقین کی نظریں اس اہم میچ پر لگی ہوئی ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ اس میچ میں اچھی کرکٹ دیکھنے میں آئے گی۔ اس گروپ کا آخری میچ 8 نومبر کو ہوگا۔

ورلڈ کپ ٹی ٹونٹی کا پہلا سیمی فائنل 10 نومبر کو ابوظہبی کے میدان میں مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے کھیلا جائے گا۔ دوسرے سیمی فائنل کا انعقاد 11 نومبر کو دبئی میں ہوگا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ 14 نومبر بروز اتوار کو دبئی میں منعقد ہوگا۔

مزیدخبریں