کابل ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن بحال، امریکی میرینز بھی پہنچ گئے

کابل ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن بحال، امریکی میرینز بھی پہنچ گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کابل: افغان دارالحکومت کابل کے ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن بحال ہو گیا ہے اور امریکہ کے جنرل ہینک ٹیلر نے کہا ہے کہ امریکی فوج کے طیارے کابل ائیرپور ٹ پر لینڈ کر رہے ہیں جن میں سے ایک میں امریکی میرینز بھی موجود ہیں۔ 
جنرل ہینک ٹیلر کے مطابق امریکی فوجی دستے کابل ایئرپورٹ پر سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں اور ڈھائی ہزار امریکی فوجی کابل میں موجود ہیں جن کا مقصد امریکی شہریوں کو افغانستان سے نکالنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ امریکی سمیت متعدد ممالک اپنے عملے اور اتحادیوں کو کابل سے نکالنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ 
غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق اتوار کے روز طالبان کی جانب سے سابق افغان صدر اشرف غنی کے فرار ہونے کے بعد فتح کا اعلان کیا گیا تو امریکہ سمیت متعدد ممالک کی جانب سے اپنے شہریوں کو افغانستان سے نکالنے کا عمل بھی تیز کیا گیا اور اس سلسلے میں پیر کے روز جرمنی کا ایک طیارہ بھی کابل ائیرپورٹ پہنچا تھا۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ روز کابل ائیرپورٹ پر لوگ ٹیک آف کرتے ہوئے امریکی فوجی طیارے کیساتھ لٹک گئے تھے اور بعد ازاں 3 افراد گر کر ہلاک ہو گئے تھے، فوجی طیاروں پر چڑھنے سے روکنے کیلئے امریکی فوج نے کابل ایئر پورٹ پر ہوائی فائرنگ بھی کی تھی جبکہ افغان میڈیا کے مطابق بھگدڑ اور فائرنگ کے واقعے میں 10 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
طالبان نے افغانستان سے فرار ہونے والے شہریوں کو روکنے کیلئے کابل ہوائی اڈے کو جانے والے تقریبا تمام راستے بند کر دئیے تھے اور ائیرپورٹ کا محاصرہ بھی کر لیا جبکہ فرار کی کوشش کرنے والے افغانیوں کو منتشر کرنے کیلئے انتباہی فائرنگ بھی کی گئی۔