اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ شریف خاندان کے پاس پاکستان اور بیرون ممالک اپنے اثاثوں کی منی ٹریل کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔
ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف خاندان اس وقت جن محلات میں مقیم ہے وہ ان کی ملکیت سے ڈھٹائی کے ساتھ انکار کر رہا ہے، یہ محلات انہوں نے اقتدار میں لوٹی ہوئی قومی دولت سے بنائے ہیں۔
معاون خصوصی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی طرف سے قومی خزانے سے ایک پیسے کی کرپشن نہ کرنے کے بیانیہ اور اس بیانیہ کا دفا ع کرنے والوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ شریف خاندان نے ایک پیسے کی کرپشن نہیں کی جبکہ حقیقت یہ ہے کہ انہوں نے قومی خزانے سے اربوں روپے کی لوٹ کھسوٹ کی ہے۔
شہباز گل نے کہا کہ جو اپنے اثاثوں کے ثبوت پیش نہیں کرسکے وہ انکوائری کیسز میں پیشی کے وقت فتح کے نشان بناتے پھر رہے ہیں،یہ لوگ کرپشن سے متعلق جوابات دینے کی بجائے احتسابی عمل پر چیخ و پکار شروع کردیتے ہیں۔
شہباز گل نے ن لیگ کی قیادت سے کہا کہ وہ پولیٹیکل وکٹمیزائیشن سے متعلق اپنے جھوٹے بیانیے کو بند کردیں اور اسے ڈھال کے طور پر استعمال نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کسی قسم کا کوئی عذر قبول نہیں ہے۔