کورونا مزید 95 پاکستانیوں کی جانیں لے گیا، شہریوں سے احتیاط کرنے کی اپیل  

07:27 AM, 17 Aug, 2021

لاہور: پاکستان میں کورونا کے وار جاری ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 95 مریض انتقال کرنے سے اس وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 24 ہزار 573 ہو گئی ہے۔ محکمہ صحت کے حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موذی مرض سے خود بھی بچیں اور دوسروں کو بچانے کیلئے ماسک کا استعمال کریں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں 48 ہزار 181 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 3 ہزار 221 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 6.68 فیصد رہی۔ ملک بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 11 لاکھ 5 ہزار 300 ہو گئی ہے۔

خیال رہے کہ پیر کے روز کورونا وائرس کے باعث سندھ کے بعد پنجاب میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔ ملک کے 4 بڑے شہروں میں وینٹیلیٹرز پر کووڈ 19 کے مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے بہاولپور میں 48 فیصد، پشاور میں 44 فیصد، ملتان میں 45 فیصد اور اسلام آباد میں 50 فیصد مریض ہیں۔

اسی طرح سے ملک کے چار بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر کورونا کے مثبت کیسز کے تناسب کے لحاظ سے ایبٹ آباد میں 55 فیصد، کراچی میں 58 فیصد، صوابی میں 68 فیصد اور پشاور میں 48 فیصد مریض ہیں۔

اب تک ملک بھر میں کووڈ 19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 9 لاکھ 89 ہزار 13 ہو چکی ہے۔ بلوچستان میں کووڈ 19 کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹیلیٹر پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں مختص وینٹیلیٹرز پر 463 مریض ہیں۔ ملک بھر میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 88 ہزار 588 ہے۔

آزاد کشمیر میں 29 ہزار 452، بلوچستان میں 31 ہزار 583، گلگت بلتستان میں 9 ہزار 396، اسلام آباد میں 94 ہزار 108، خیبر پختونخوا میں 1 لاکھ 52 ہزار 625، پنجاب میں 3 لاکھ 72 ہزار 750 اور سندھ میں 4 لاکھ 12 ہزار 165 مریض ہیں۔

مزیدخبریں