لاہور: سول عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر شہبازشریف اور نائب صدر مریم نواز کو نوٹس جاری کر دیئے ۔عدالت نے جاتی امرا چار ہزار ایکڑ زمین پر مبینہ قبضے سے متعلق جواب طلب کیا ہے اور بیس اگست تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ شریف خاندان نے جاتی امرامیں آبائو اجداد کی اراضی پرغیر قانونی قبضہ کیا۔خیال رہے کہ نیب بھی مریم نواز کی اراضی کے متعلق تفتیش کر رہا ہے۔ قومی احتساب بیورو لاہور نے مختلف موضع جات کی چودہ سو چالیس کنال اراضی کی رسیدیں مانگی ہیں۔ نیب کے مطابق رائیونڈاراضی کیس میں مریم نوازکے بعد نوازشریف اور ان کی والدہ شمیم بیگم کو بھی شامل تفتیش کیا گیا ۔
مریم نوازپر رائیونڈ میں خلاف قانون اراضی سستے داموں خریدنے کا الزام ہے۔ نیب نے مریم نوازسے ایک ہزار440کنال اراضی پرجواب طلب کررکھا ہے۔نیب نے مریم نواز سے پوچھا ہے کہ زمین خریدنے کیلئے رقم کہاں سے آئی۔
اراضی کی خریداری پرکتنا ٹیکس اورکتنی ڈیوٹی دی۔ ایک ہزار400کنال میں سے اگرکوئی زمین فروخت کی گئی تواسکی تفصیلات بھی فراہم کریں۔بتایا جائے حاصل کی گئی زمین کس مقصد کیلئے استعمال کی جارہی ہے۔