اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر پر قائم خصوصی کمیٹی کے اجلاس کے بعد ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور اور معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہرو کا نہیں مودی کا ہندوستان ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سلامتی کونسل میں مقبوضہ کشمیر پر میٹنگ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے اور ہم نے ایک معرکہ سر کیا ہے۔ اس سے بھارت چونک گیا ہے اور یہ لمبی لڑائی ہے جو ہمیں ہر حال میں جیتنی ہے۔
اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ بھارت کے کسی بھی اقدام کا مقابلہ کرنے کے لیے پاک فوج اور قوم تیار ہے اور بھارت کے کسی بھی ایکشن کا بھرپورجواب دیا جائیگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر جیل کی حیثیت اختیار کرچکا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں ہر گھر کے باہر بھارتی فوجی تعینات ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دنیا کی نظر میں ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیرمیں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ انسانی حقوق کا ہے۔ دنیا کو دیکھنے کی ضرورت ہے کہ اس مسئلے میں کیا کردار ادا کرسکتی ہے۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا مسئلہ کشمیر ایک نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے جبکہ سمجھ دار ممالک ایسی بات نہیں کرتے جو راج ناتھ نے کی۔ یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان ایل او سی پر کشیدگی بڑھا رہا ہے اور بھارت ایل او سی پر کشیدگی بڑھا رہا ہے۔ ہماری توجہ مشرقی سرحدوں پر ہے اور مقبوضہ کشمیر میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ انسانی حقوق کا ہے۔