مقبوضہ کشمیر عالمی مسئلہ بن گیا : ملیحہ لودھی

11:44 AM, 17 Aug, 2019

نیویارک : اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ آج کے اجلاس سے بھارت کا یہ دعویٰ غلط ثابت ہوگیا کہ کشمیر ان کا اندرونی معاملہ ہے، مظلوم کشمیریوں کی آواز آج دنیا کے سب سے بالا ایوان میں سنی گئی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ملیحہ لودھی نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ہمارے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی خصوصی درخواست پر ہوا۔یہ اجلاس طلب کرنے کے لیے چین نے بھی درخواست کی جس پر ان کے شکر گزار ہیں، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان سیٹلمنٹ کے لیے تیار ہے کیونکہ یہ انسانی حقوق کا مسئلہ ہے۔

آج کے اجلاس کا ہونااس بات کا ثبوت ہے کہ یہ مسئلہ عالمی تنازع ہے، بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں، وزیرخارجہ نے کہہ دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے یہ پہلا قدم ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مظلوم کشمیریوں کی آواز آج دنیا کے سب سے بالا ایوان میں سنی گئی، کشمیرکے دکھ، درداور تکلیف کو آج اقوام متحدہ میں بھی سنا گیا, کشمیریوں کو قید تو کیا جا سکتا ہے لیکن ان کی آواز نہیں دبائی جا سکتی۔

مقبوضہ علاقوں میں انسانی حقوق کی بدترین مثالیں ہیں، مظلوم کشمیریوں کی صدا ان کے ملک میں دبائی گئی لیکن آج دنیانے سن لی , ملیحی لودھی نے کہا کہ سلامتی کونسل اجلاس اقوام متحدہ کی قراردادوں کی توثیق ہے، کشمیر بھارت کا اندرونی مسئلہ نہیں، یہ عالمی مسئلہ ہے,بھارت نے سلامتی کونسل اجلاس رکوانے کی باربار کوشش کی، لیکن اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، اب یہ سفر مسئلہ کشمیر کے حل پر ہی ختم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آج ہونے والا سلامتی کونسل کا اجلاس پہلا قدم تھا لیکن یہ آخری قدم نہیں ہے ،اب بات یہاں ختم نہیں ہوگی بلکہ جب کشمیریوں کو انصاف مل جائے گا تو پھر بات ختم ہو گی, ملیحہ لودھی نے کہا کہ سلامتی کونسل کے تمام اراکین نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔

واضح رہے کہ سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب نے عالمی دنیا پر واضح کیا ہے کہ کشمیر ایک غیر حل شدہ اور متنازع معاملہ ہے۔

سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے معاملے پر یو این سیکیورٹی جنرل نے بھی اپنا بیان دیا تھا، دیگر ممبران نے بھی تشویش کا اظہار کیا تھا۔

چینی مندوب کے مطابق مقبوضہ کشمیرکا مسئلہ تاریخی ہے، انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے،بھارتی آئینی ترامیم سے خطے میں تناؤ پیدا ہوگا۔ کشمیر کی موجودہ صورت حال پرچین کو تشویش ہے، بھارتی اقدامات سے چین کی سلامتی بھی چیلنج ہوئی ہے، بھارت کے یک طرفہ اقدامات درست نہیں۔

مزیدخبریں