پی ٹی آئی نے کرپشن کیخلاف اعلان جہاد کیا، لوٹا ہوا پیسہ واپس لائینگے : چودھری سرور

08:49 PM, 17 Aug, 2018

لاہور:تحریک انصاف کے رہنما اور نامزد گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کرپشن کے خلاف اعلان جہاد کیا ، ملک کا لوٹا گیا پیسہ واپس لائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اور نامزد گورنر پنجاب چودھری سرور نے ان خیالات کا اظہار عمران خان کے قومی اسمبلی میں وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انھوں نے کہا کہ قائداعظم کے خواب کو سچ کر دکھانے کے لیے عمران خان نے دن رات محنت کی ، یہ ملک بیس کروڑ عوام کا ہے ، اشرافیہ کا نہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں چودھری سرور نے کہا کہ ہم نے کرپشن کے خلاف اعلان جہاد کیا ہے ، ملک میں حکمرانی لانے میں کامیاب ہوگئے ہیں اب خوشحالی کا وقت ہے۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک بھر میں کرپشن کے خلاف طبل جنگ بجایا ہے ، اس کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے ۔

حکومتی اراکین خود کو بھی احتساب کے لیے پیش کریں گے ، نامزد گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب ، کے پی کے اور مرکز میں کامیابی کا سہرا پی ٹی آئی ورکرز کو جاتا ہے ، ہماری کامیابی میں نوجوان نسل نے بنیادی کردار ادا کیا ہے ، ملک میں مثبت تبدیلی کے لیے میڈیا نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

مزیدخبریں