پشاور: نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی جہاں گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے ان سے حلف لیا۔
دوسری جانب تحریک انصاف خیبرپختونخوا نے کابینہ میں وزراء کی شمولیت سے متعلق مشاورت بھی شروع کر دی ہے جس کی حتمی منظوری پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان دیں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ میں زیادہ تر سابق وزراء کو شامل کرنے کا امکان ہے۔ اشتیاق ارمڑ، شاہ محمد خان، خلیق الرحمان، ضیاء اللہ بنگش اور تیمور سلیم جھگڑا کو وزیر بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ عاطف خان اور شہرام ترکئی کو سینئر وزیر بنایا جائے گا۔
یاد رہے کہ نومنتخب وزیراعلیٰ محمود خان کا انتخاب کل اسمبلی اجلاس کے دوران عمل میں لایا گیا تھا۔ انہوں نے 77ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار میاں نثار گل نے 33 ووٹ حاصل کیے۔