شہباز شریف پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس میں 20 اگست کو طلب

03:32 PM, 17 Aug, 2018

لاہور : سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو نیب لاہور نے پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس میں 20 اگست کو طلب کر لیا ہے جبکہ ان پر بے ضابطگیوں اور میرٹ کے بغیر بھرتیوں کا الزام ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے نون لیگ کے صدر اور سابق وزیر اعلٰی شہباز شریف کو نوٹس جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ کو پنجاب پاور ڈوپلپمنٹ کمپنی کیس میں 20 اگست کو دوپہر دو بجے طلب کیا گیا ہے۔نیب لاہور کی جانب سے سابق وزیر اعلی پنجاب کو پہلے صاف پانی کرپشن کیس اور پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس میں طلب کیا جا چکا ہے۔نیب لاہور 56 کمپنیز کرپشن کیس میں کروڑوں روپے کی کرپشن پر پہلے ہی تحقیقات کر رہا ہے، نیب 56 کمپنیوں کے حوالے سے اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں بھی جمع کروا چکا ہے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ رجسٹری میں پنجاب کمپنیزاسکینڈل میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ اگرریفرنس بنتا ہے تو فائل کریں، 3 لاکھ سے زائد تنخواہ لینے والے افسران نیب کے روبرو پیش ہوں گے۔چیف جسٹس کا کہنا تھاکہ اگر کوئی پیسے واپس نہیں کرے گا تو ہم نکلوا لیں گے، کسی کو خیال ہی نہیں کہ یہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ ہے، اورنج لائن ٹرین ودیگرمنصوبے ایک ہی ٹھیکیدار کو دیے.

واضح رہے کہ نیب نے گزشتہ ماہ جولائی میں شہبازشریف کو پنجاب پاور کمپنی اسکینڈل سے متعلق پوچھ گچھ کیلئے طلب کیا تھا، جس کے احکامات سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہوا میں اڑا دیئے تھے۔اس سے قبل پنجاب کمپنیز اسکینڈل میں چار جولائی کو بھی شہبازشریف نیب لاہور آفس میں پیشی بھگت چکے ہیں، دو گھنٹے کے سوال جواب کے باوجود نیب کو مطمئن نہیں کر سکے تھے۔سابق وزیراعلیٰ پر بے ضابطگیوں اور میرٹ کے بغیر بھرتیوں کا الزام ہے۔

مزیدخبریں