ایران امریکہ کی نیت سے اچھی طرح واقف ہے، ترجمان ایرانی وزرات خارجہ

05:40 PM, 17 Aug, 2017

نیوویب ڈیسک

تہران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ امریکی حکام کو جامع ایٹمی معاہدے اور دہشت گردی خلاف جنگ میں ایران کے نمایاں کردار کے بارے میں حقیقت پسندی سے کام لینا چاہیے۔

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان ہیتھر نیورٹ نے دعوی کیا ہے کہ ایران کے اقدامات خطے کے استحکام پر اثر انداز ہو رہے ہیں جو بقول ان کے جامع ایٹمی معاہدے کی روح کے منافی ہیں۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ہیتھر نیورٹ کے ایران مخالف بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایران امریکہ کے بے بنیاد دعوؤں اور الزامات کے اعادے کے پس پردہ اہداف اور نیتوں سے اچھی طرح واقف ہے ، امریکہ کو علاقے اور دنیا کے امن و استحکام اور سلامتی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی اور جامع ایٹمی معاہدے کے تمام فریقوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران جامع ایٹمی معاہدے کی روح اور متن کی مکمل پابندی کر رہا ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکہ نے گذشتہ چند ماہ کے دوران جو اقدامات کیے ہیں اور جس قسم کا رویہ اپنا رکھا ہے وہ جامع ایٹمی معاہدے کے متن کی صریح خلاف ورزی ہے ۔

مزیدخبریں