سعودی عرب نے قطر ی حاجیوں کے لیے اپنی سرحد کھولنے کا فیصلہ کر لیا

03:55 PM, 17 Aug, 2017

ریاض :سعودی عرب نے قطر کے ساتھ اپنی سرحد کھولنے کا فیصلہ کر لیا تاکہ قطرسے آنے والے مسلمان حج کر سکیں،تفصیلات کے مطابق یہ اعلان قطری اور سعودی حکام کی ملاقات کے بعد سامنے آیا۔یہ اعلان سعودی اور قطری حکام کی دو مہینے میں پہلی ملاقات کے بعد سامنے آیا۔ یاد رہے کہ مشرق وسطیٰ میں سعودی عرب اور اس کے تین حمایتی ممالک نے جون سے قطر پر دہشت گردی کی امداد کرنے کے الزام میں بائیکاٹ کر رکھا ہے۔

سعودی عرب سعودی پریس ایجنسی کے مطابق قطری حجاج سلویٰ نامی سرحد کو عبور کر کے سعودی عرب میں بغیر کسی اجازت نامے داخل ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ انھیں سعودی ہوائی اڈوں سے بھی ملک میں داخل ہونے کی اجازت ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ سعودی عرب نے قطری زائرین کو خبردار کیا تھا کہ حج کے لیے آنے کی صورت میں ان پر پابندیاں عائد ہوں گی۔جواب میں قطر نے سعودی عرب پر مذہبی فریضے کو سیاسی رنگ دینے کا الزام لگایا جس کے علاوہ اقوام متحدہ کے نمائندہ برائے مذہبی آزادی نے بھی سعودی اعلان پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔لیکن سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی قطری شیخ عبداللہ بن علی بن عبداللہ بن جاسم الثانی سے ملاقات کے بعد ان کے تعلقات کی سردمہری میں کچھ کمی آئی ہے۔
سعودی سرحد کی بندش کی وجہ سے قطر کو ملک میں اشیا خورد نوش منگوانے کے لیے بحری اور فضائی ذرائع استعمال کرنے پڑ رہے ہیں۔

مزیدخبریں