کراچی:سیاسی خدشات کے باوجود نئے مالی سال کے آغاز پر غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافے کا رجحان رہا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2017کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 58فیصد کے اضافے سے 21کروڑ 20لاکھ ڈالر رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے مہینے میں غیرملکی سرمایہ کاری 13کروڑ 43لاکھ ڈالر تک محدود رہی تھی۔
اعدادوشمار کے مطابق غیرملکی نجی سرمایہ کاری 56 فیصد اضافے سے 21 کروڑ 13لاکھ ڈالر رہی جس میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) 162.8 فیصد کے اضافے سے 22کروڑ 26لاکھ ڈالر رہی، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت جولائی 2016کے مقابلے میں 13کروڑ 80 لاکھ ڈالر زائد رہی، جولائی 2016کے مہینے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 8کروڑ 47لاکھ ڈالر رہی تھی، جولائی 2017 کے مہینے میں پورٹ فولیو سرمایہ کاری 122 فیصد کمی سے منفی 1کروڑ 14لاکھ ڈالر رہی جس کی وجہ سے نجی سرمایہ کاری 21 کروڑ13 لاکھ ڈالر تک محدود ہوئی۔
غیرملکی پبلک انویسٹمنٹ 15لاکھ ڈالر کے اضافے سے 7لاکھ ڈالر رہی جبکہ جولائی 2016 میں 8 لاکھ ڈالر نکال لیے گئے تھے، جولائی 2017 کے دوران پاور سیکٹر میں 5کروڑ 65لاکھ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی گئی جس میں سے 1 کروڑ ڈالر تھرمل پاور، 52لاکھ ڈالر ہائیڈل جبکہ 4 کروڑ ڈالر سے زائد کی رقم کول پاور میں انویسٹ کی گئی، تعمیرات کے شعبے میں 2 کروڑ ڈالر، ٹریڈ میں 9کروڑ 40لاکھ ڈالر جبکہ تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میں 2 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔