پاکستان ہمیشہ اپنے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار رہا ہے،خواجہ آصف

01:10 PM, 17 Aug, 2017

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ اپنے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار رہا ہے، پاکستان بھارت سے مذاکرات کرتے وقت کشمیر کو نظر انداز نہیں کرے گا،تعلقات میں مزید بہتری کے لئے امریکہ کا دورہ کر وں گا، پاکستان میں امن افغانستان میں استحکام سے وابستہ ہے، پاکستان خطے میں روس اور چین کی اہمیت کے باعث ان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ بھارت کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کررہا ہے وہ پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہے اور اس نے مقبوضہ کشمیر میں دہشت کی فضا قائم کررکھی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت بے گناہ مسلمانوں کو بلا وجہ قتل کررہا ہے انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ اس قتل عام کا نوٹس لیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سے مذاکرات کرتے وقت کشمیر کو نظر انداز نہیں کرے گا۔

خواجہ محمد آصف نے کہا کہ کشمیر کے لوگ اپنی تحریک آزادی کے نصب العین کیلئے قیمتی جانوں کی قربانی دے رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ تعلقات میں مزید بہتری کے لئے امریکہ کا دورہ کریں گے۔ایک اورسوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں امن افغانستان میں استحکام سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان خطے میں روس اور چین کی اہمیت کے باعث ان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

مزیدخبریں