سردار یعقوب ناصر مسلم لیگ ن کے قائم مقام صدر منتخب

12:50 PM, 17 Aug, 2017

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ہوا جس کے دوران پارٹی کے قائم مقام صدر کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجا ظفر الحق نے قائم مقام صدر کے لئے سردار یعقوب ناصر کا نام پیش کیا جس کی متفقہ طور پر منظوری دے دی گئی۔ مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں سابق صدر (ن) لیگ نواز شریف اور پنجاب کے صدر شہباز شریف موجود نہیں تھے۔

اس سے قبل سابق وزیراعظم اور پارٹی کے سابق صدر نواز شریف نے سردار یعقوب ناصر کو قائم مقام صدر بنانے کے لئے گرین سگنل دیا تھا۔ سردار یعقوب ناصر نے 2013 کے انتخابات میں مسلم لیگ کے ٹکٹ پر بلوچستان سے انتخاب لڑا لیکن انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد 2015 میں انہیں مسلم لیگ ن کی جانب سے سینیٹر بنایا گیا۔

ذرائع کے مطابق جب تک پارٹی کے انتخابات نہیں ہو جاتے اس وقت تک سینیٹر سردار یعقوب ناصر پارٹی کے قائم مقام صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہیں گے۔

یاد رہے کہ 8 اگست کو الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002 کے تحت نااہل شخص پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتا اس لئے مسلم لیگ (ن) نئے صدر کا انتخاب کر کے الیکشن کمیشن کو آگاہ کرے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں