ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 دہشت گرد ہلاک، ایک سپاہی شہید

09:43 PM, 17 Apr, 2025

 راولپنڈی :خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس اطلاعات پر کامیاب آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فورسز کو مڈی کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی تھی۔ اطلاعات موصول ہونے پر علاقے کا محاصرہ کر کے ہدفی کارروائی کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ ہلاک دہشت گرد مختلف تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

فائرنگ کے تبادلے میں 23 سالہ سپاہی باسط صدیقی جام شہادت نوش کر گئے، شہید سپاہی کا تعلق ضلع اٹک سے تھا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے پرعزم ہیں، اور ہمارے جوانوں کی قربانیاں اس مشن کو تقویت بخشتی ہیں۔

مزیدخبریں