اسلام آباد :نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) نے اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے متعدد علاقوں میں شدید موسمی صورتحال کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ ترجمان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق 18 اور 19 اپریل کو بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش اور ژالہ باری (اولے پڑنے) کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے جن علاقوں میں موسم شدید رہنے کا امکان ہے ان میں اٹک، چکوال، گجرات، جہلم، فیصل آباد، حافظ آباد، جھنگ، خوشاب، میانوالی، نارووال، ساہیوال، سرگودھا، شیخوپورہ اور لاہور شامل ہیں۔
ترجمان این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ ان علاقوں میں تیز ہواؤں اور بارش کے باعث بجلی کی بندش، سڑکوں پر حادثات اور دیگر ممکنہ نقصانات کا خدشہ ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کسانوں کو بھی متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ ممکنہ ژالہ باری اور شدید بارش سے فصلوں کو پہنچنے والے نقصان سے بچنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔
مزید برآں، این ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کمزور عمارتوں، درختوں اور کھلے مقامات سے دور رہیں، اور موسمی صورتحال سے بروقت باخبر رہنے کے لیے NDMA Disaster Alert App کا استعمال کریں۔