گنڈاپورکی دہشتگردوں کیخلاف باتیں کرتےہوئےٹانگیں کانپتی ہیں ، عطاتارڑ کی تنقید

02:08 PM, 17 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ہم وہ لوگ ہیں جنہوں نے 28 مئی کو ایٹمی دھماکے کرکے ملک کا دفاع مضبوط کیا، جبکہ پی ٹی آئی والے 9 مئی کو اپنے ہی ملک اور فوج پر حملہ آور ہوئے۔

مسلم لیگ (ن) یوتھ کوآرڈینیٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنی سیاست کی خاطر شہداء کی یادگاروں اور دفاعی اداروں پر حملے کیے۔ نوشہرہ کی نشست کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وہ نشست تھی جو ہم نے اُس وقت جیتی جب پی ٹی آئی حکومت میں تھی۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ 9 مئی کو کیپٹن شیر خان شہید کے مجسمے کی بے حرمتی کی گئی، جو ناقابلِ معافی عمل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود صوابی گئے اور شہید کے خاندان سے معافی مانگی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی ملک کی تباہی چاہتی تھی، یہاں تک کہ ملک کے ڈیفالٹ ہونے کی دعائیں مانگی گئیں۔ اگر ملک ڈیفالٹ کر جاتا تو بینک بند اور بین الاقوامی پروازیں رک جاتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی سپورٹ سے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا گیا اور معیشت اب بہتری کی جانب گامزن ہے، جس کا اعتراف عالمی ادارے بھی کر رہے ہیں۔ عطاء تارڑ نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی اندرونی اختلافات کا شکار ہو چکی ہے اور خیبر پختونخوا میں گروپس بننے لگے ہیں۔

مزیدخبریں