اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دنیا کو چاہیے کہ وہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کا فوری ساتھ دے، کیونکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے اس جنگ میں جو قربانیاں دی ہیں، وہ پوری دنیا کے لیے ایک مثال ہیں۔
یہ بات انہوں نے برطانیہ کے وزیر برائے فیتھ اینڈ کمیونیٹیز، لارڈ واجد خان سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات، سکیورٹی، انسداد دہشتگردی اور سرحد پار جرائم کی روک تھام پر بات چیت ہوئی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ اس موقع پر لارڈ واجد خان نے جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت کی اور شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔
محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف واحد ملک ہے جس نے ہر سطح پر قربانیاں دی ہیں، اور برطانیہ جیسے ممالک کا کردار اس میں بہت اہم ہے۔ لارڈ واجد خان نے افغان مہاجرین کی برطانیہ منتقلی میں تعاون پر پاکستان کی وزارت داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کو عزت و احترام کے ساتھ ان کے وطن واپس بھیجا جا رہا ہے، اور جن کے پاس قانونی کاغذات ہیں ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔
اس ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری، برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، اور سیکریٹری داخلہ خرم آغا بھی شریک تھے۔ طلال چودھری نے کہا کہ وطن واپسی کے عمل میں غیر قانونی غیر ملکیوں کو ہر ممکن سہولت مہیا کی جا رہی ہے۔