لاہور: محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ جنوبی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری رہے گی۔
اسلام آباد اور پنجاب کے اکثر اضلاع میں بھی دن کے وقت موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ مری، گلیات اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بعض مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے بالائی اور وسطی اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جو گرمی کی شدت کو مزید بڑھا سکتا ہے۔ بلوچستان کے اکثر علاقوں میں بھی گرمی اور خشکی کا راج رہے گا، تاہم ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان اور اطراف میں شام یا رات کے وقت آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں بشمول چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، بونیر اور ایبٹ آباد میں بھی رات کے وقت گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں دن کے وقت موسم خشک رہے گا، تاہم رات کے وقت جزوی ابر آلود موسم اور بارش متوقع ہے۔