وزیر اعظم شہباز شریف سے برطانوی پارلیمانی انڈر سیکرٹری لارڈ واجد خان کی ملاقات

11:48 AM, 17 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد  :  وزیر اعظم شہباز شریف سے برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکرٹری برائے مذاہب، کمیونٹیز اور آبادکاری لارڈ واجد خان نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، اوورسیز پاکستانیوں کے کردار، اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم نے لارڈ واجد خان کا پاکستان آمد پر پرتپاک خیرمقدم کیا اور اوورسیز پاکستانیز کنونشن میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہا اور کنگ چارلس سوم اور برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور عوامی تبادلوں سمیت دیگر شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے لارڈ واجد خان کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ان کی کوششیں دونوں ممالک کے درمیان نئی راہیں کھولنے میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔

لارڈ واجد خان نے وزیر اعظم کو اپنی حالیہ سرگرمیوں اور اقدامات سے آگاہ کیا اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے برطانیہ میں جاری کوششوں پر روشنی ڈالی۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں فریقین نے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزیدخبریں