راولپنڈی : پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین ٹی ٹوینٹی سیریز کا پہلا ٹاکرا کل راولپنڈی میں ہوگا۔ ذرائع کے مطابق موسم کی خرابی سے میچ کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ راولپنڈی سٹیڈیم میں ابتدائی تین میچز 18، 20 اور 21 اپریل کو شیڈول ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل 20 اپریل اور 21 اپریل کو بارش کا امکان ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود کاکہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز بہت اہمیت کی حامل ہے، قومی ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، عماد وسیم اور محمد عامر کے آنے سے ٹیم مضبوط ہوئی ہے ،اپنے سکواڈ سے مطمئن ہوں، پاکستان کے پاس بہترین بیٹرز، بالرز اور آل رانڈرز موجود ہیں، نیوزی لینڈ کی ٹیم نئے کھلاڑیوں پر مشتمل ہے مگر وہ ڈومیسٹک کرکٹ کا تجربہ رکھتے ہیں اور ان کا ریکارڈ اچھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ٹی 20 کرکٹ میں کوئی بھی ٹیم کمزور نہیں ہوتی، ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل 12 اہم میچز ہیں، بیٹنگ اور باؤلنگ کے پلان پر کام جاری ہے۔