کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے کم عمر بچی کی گمشدگی سے متعلق درخواست پر ایڈیشنل آئی جی کراچی کو لڑکیوں کے اغوا میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیدیا۔
جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کم عمر بچی کی گمشدگی سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ ایس ایس پی ایسٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت میں ایس ایس پی ایسٹ نے انکشاف کیا کہ کم عمر بچیوں کو لاپتا کرنے میں مخصوص گروہ ملوث ہے، تحقیقات کیلئے سی آئی اے کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی کو لکھا ہے کہ کم عمر بچیوں کے حوالے سے تحقیقات کے لیے سی آئی اے کی مدد فراہم کی جائے۔
درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ 2022 میں سہراب گوٹھ کے علاقے سے 5 سالہ بچی سیما لاپتہ ہوگئی تھی۔ پولیس رپورٹ کے مطابق بچی کی گمشدگی سے متعلق اخبارات میں اشتہار دیئے ہیں۔
عدالت نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو لڑکیوں کے اغوا میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے سی آئی اے کی خصوصی ٹیم کی تشکیل میں ناکامی پر ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم بھی دیا ہے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے پولیس کو کم عمر لڑکی ہر ممکن بازیابی کے لیے اقدامات کرنے کا حکم دیدیا۔
بعد ازاں عدالت نے درخواست کی سماعت 3 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔