لندن:بجلی کی پیداوار اب مشکل نہیں رہی کیونکہ پیروں کی حرکت سے لائٹ روشن ہوگی۔ بجلی کی پیداوار کے لیے نئی ٹیکنالوجی سامنے آئی ہے اس کی وجہ سے بجلی پیداکرنااور لائٹس روشن کرنا کوئی مسئلہ نہیں رہا۔ برطانیہ سے تعلق رکھنے والی ایک کمپنی پیون جین نے یہ ٹیکنالوجی تیار کی ہے۔
اس مقصد کے لیے کمپنی کی جانب سے ٹائلوں میں الیکٹرو میگنیٹک جنریٹر کا استعمال کیا گیا ہے جس سے پیروں کی حرکت سے بجلی پیدا ہوتی ہے۔متحدہ عرب امارات میں ورلڈفیوچر انرجی کانفرنس کے موقع پر اس ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کیا گیا۔
اس موقع پر کمپنی کی جانب سے بتایا گیا کہ ہر ٹائل کے نیچے ایک الیکٹرو میگنیٹک جنریٹر ہوتا ہے اور جب آپ اس پر قدم رکھتے ہیں تو پیروں کی حرکت سے وہ جنریٹر متحرک ہوتا ہے۔
اگرچہ ٹائلز سے بہت کم توانائی پیدا ہوتی ہے مگر اس سے سٹریٹ لائٹس کو روشن اور چھوٹی ڈیوائسز کو چارج کیا جا سکتا ہے۔پیون جین کی ٹائلز کو واشنگٹن میں ایک جگہ ایل ای ڈی لائٹس کو روشن کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ برطانیہ میں بھی مختلف جگہوں پر انہیں نصب کیا گیا ہے تاکہ مانیٹرز اور موبائل فون چارجنگ سٹیشنز کو بجلی فراہم کی جا سکے۔ اب تک ان ٹائلز کو 37 سے زائد ممالک میں لگایا جا چکا ہے جبکہ قدموں کے ڈیٹا کو بھی مختلف گیمز کی تیاری کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
یہ کمپنی سولر پلس کے نام سے ایک ایسا ٹائل سسٹم بھی تیار کر رہی ہے جو شمسی توانائی اور قدموں سے پیدا ہونے والی توانائی کا امتزاج ثابت ہوگا۔