اے ٹی سی جج کے خلاف ریفرنس دائر ، نو مئی مقدمات کی مزید سماعت سے معذرت

11:33 AM, 17 Apr, 2024

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی: راولپنڈی کی انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے اپنے خلاف ریفرنس دائر ہونے کا بتا کر نو مئی مقدمات کی مزید سماعت سے معذرت کر لی۔

 شیخ رشید، شبلی فراز، راجہ بشارت، شیریں مزاری، زرتاج گل، شہریار آفریدی، زین قریشی و دیگر کیخلاف نو مئی مقدمات کی سماعت بنا کاروائی کے 30 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔

 سماعت کے موقع پر پیش ہونے والے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ معزز جج کیخلاف پنجاب حکومت ریفرنس دائر کرنے جارہی ہے۔ حیرت ہے کہ حکومت نے اپنے ہی لگائے جج کیخلاف عدم اعتماد کر دیا۔

پی ٹی آئی رہنماؤں و دیگر کے خلاف نو مئی کے مقدمات کی سماعت کے موقع پر ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ معزز جج کے خلاف ریفرنس دائر ہوچکا ہے جس پر انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے نو مئی مقدمات کی مزید سماعت سے معذرت کرتے ہوئے کاروائی 30 اپریل تک ملتوی کردی۔

 نو مئی مقدمات میں انسداد دہشتگردی عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جج ملک اعجاز آصف نے کہا ہے ان کے خلاف ریفرنس آگیا ہے لہذا وہ سماعت نہیں کرینگے۔ میری زندگی میں پہلی مرتبہ ایک سٹنگ جج کے خلاف ریفرنس آیا ہے۔ ریفرنس پنجاب حکومت کی طرف سے آیا ہے کہ یہ جج کیس نہیں سن سکتے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے 47 میں ہیں نہ 45 میں ہیں اس لئے ہم خاموش ہیں۔ فیض حمید فیض آباد دھرنے میں ملوث نہیں تھے جو ملوث تھے ان کو پکڑیں۔

مزیدخبریں