امریکا میں کوکین پینے والی بلی پکڑی گئی

امریکا میں کوکین پینے والی بلی پکڑی گئی
سورس: File

اوہائیو : امریکا کی ریاست اوہائیو میں ایک گاڑی کو روکا گیا جس میں ڈرائیور کے ساتھ ایک جنگلی بلی بھی سوار تھی۔ گاڑی رکنے کے بعد ڈرائیور کو تو پولیس نے حراست میں لے لیا لیکن اس میں موجود بلی چھلانگ لگا کر قریبی درخت پر چڑھ گئی۔ پولیس نے بلی کو قابو کرنے کے لیے مقامی اینیمل کنٹرول کے اہل کاروں سے رابطہ کیا۔

وائس آف امریکا کی رپورٹ کے مطابق اوہائیو میں 40 پاؤنڈ یعنی 18 کلو زائد سے وزنی جانور گھر میں رکھنا قانونی طور پر ممنوع پر ہے۔ اس افریقی نسل کی جنگلی بلی کا وزن اس حد سے زیادہ تھا اور خدشہ تھا کہ یہ جانور خود کو یا کسی اور کو نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتی ہے۔

  

بلی کا وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو اہل کاروں کو اسے قابو کرنے میں مشکل پیش آئی۔ قابو کرنے کی کوشش کے دوران بلی کی ایک ٹانگ بھی ٹوٹ گئی۔

بالآخر بلی قابو میں آگئی اور اسے طبی امداد کے لیے حیوانات کے مرکز سنسناٹی اینمیل کیئر پہنچا دیا گیا۔ ایمری نامی اس بلی کے دیگر ٹیسٹس کے ساتھ منشیات کا ٹیسٹ بھی ہوا اور ثابت ہوا کہ یہ کوکین کا نشہ کرتی ہے۔

جانوروں میں منشیات کا ٹیسٹ بظاہر عجیب معلوم ہوتا ہے لیکن سنسناٹی سینٹر میں ماضی میں بھی ایسے جنگلی جانور لائے گئے ہیں جن میں منشیات ستعمال کرنے کے شواہد مل چکے ہیں۔2022 میں اس مرکز میں ایک ایسا بندر بھی لایا گیا تھا جس کے ہاضمے کے نظام میں ایک نشہ آور دوا کا سراغ ملا تھا۔

  

سنسناٹی اینیمل کیئر کے اہل کار رے اینڈریسن کا کہنا ہےکہ ماضی کے تجربات کی وجہ سے جب بھی اس سینٹر میں کوئی جانور لایا جاتا ہے تو اس کا ڈرگ ٹیسٹ لازمی کیا جاتا ہے۔ ایمری کے ٹیسٹ کرنے پر اس کے جسم میں کوکین پائی گئی۔

  

یہ رپورٹ سامنے آنے کے بعد ایمری کو مقامی میڈیا میں ’کوکین بلی‘ کا نام دیا گیا اور سوشل میڈیا پر اس کے بارے میں دل چسپ تبصرے سامنے آنے لگے اور یہ خبر ٹرینڈ کرنے لگی۔

ان تبصروں کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ حال ہی میں ہالی وڈ کی ہارر کامیڈی فلم ریلیز ہوئی جس کی کہانی ایک ایسے ریچھ کے گرد گھومتی ہے جو 20 لاکھ ڈالر مالیت کی کوکین کے ساتھ مردہ حالت میں پایا گیا تھا۔

کوکین بیئر‘ کے نام سے ریلیز ہونے والی اس فلم کی کہانی حقیقی واقعات پر مبنی ہے اور سوشل میڈیا صارفین نے اسی کے نام کو سامنے رکھتے ہوئے ایمری کو ’کوکین‘بلی کا نام دیا۔

  

سنسناٹی اینیمل کیئر کے اہل کار رے اینڈریسن کا کہنا ہے کہ ایمری کے مالک نے اسے سنسناٹی چڑیا گھر کے حوالے کردیا ہے۔

مصنف کے بارے میں