اسلام آباد : پاکستان بار کونسل کے وائس چئیرمین ہارون الرشید نے پارلیمنٹ کے ایکٹ پر حکم امتناع آنے پر اعتراض کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں ہارون الرشید نے کہا کہ ’سپریم کورٹ نے 2 ججز کے کہنے پر سروس میٹر میں ازخود نوٹس لیا، انتخابات سے متعلق ہائی کورٹس میں زیر التوا کیسز کی پروا کیے بغیر چیف جسٹس نے 90 دن میں انتخابات کا حکم دیا۔
ہارون الرشید کے مطابق’ اصل ازخود نوٹس غیر ضروری طور پر اسمبلیاں تحلیل کرنے پر ہونا چاہیے تھا اگر پارلیمنٹ کے ایکٹ پر حکم امتناع واپس نہیں لیا جاتا تو ملک بھر میں کانفرنسز اور تحریک چلائیں گے۔
اس موقع پر سابق صدر سپریم کورٹ بار احسن بھون نے کہا کہ ’آرٹیکل 184/3 کے مقدمے میں اپیل کا ہمارا مطالبہ کافی وقت سے چل رہا تھا۔ اور ہمارا یہ بھی مطالبہ تھا کہ از خود نوٹس لینے اور بنچز کی تشکیل کیلئے ججز کی کمیٹی ہونی چاہیے۔
احسن بھون کے مطابق جب پارلیمنٹ نے اس حوالے سے قانون بنا دیا ہے اب اس کا تحفظ کریں گے۔ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔
احسن بھون نے 29 اپریل کو بلوچستان میں وکلا کنونشن کا اعلان کیا اور کہا کہ ہمارے چیف جسٹس انتہائی شفیق اور ایماندار انسان ہیں، چیف جسٹس کو سپریم کورٹ کو مزید تقسیم سے بچا کر اکٹھا کرنا چاہئے۔