ن لیگ کو 14 اور پی پی کو 11 وزارتیں ملیں گی: رانا ثناء اللہ نے سب کچھ بتا دیا 

09:10 PM, 17 Apr, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں اراکین کےحساب سے ن لیگ کی 14 اور پیپلزپارٹی کی 11 وزارتیں بنتی ہیں۔وزارتوں کی تقسیم مکمل کر لی گئی ہے۔ 

 نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی وفاقی کابینہ کا حصہ بن رہی ہے، وزارت خارجہ کا تقاضا پیپلزپارٹی نے کیا تھا، اور وزارت خارجہ انہیں ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت خزانہ، توانائی، منصوبہ بندی اور وزارت اطلاعات ن لیگ کے پاس ہوگی جبکہ تجارت اور مواصلات میں سے ایک پیپلزپارٹی اور ایک ن لیگ کوملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی وزارت پیپلزپارٹی کے پاس جائے گی ۔  گورنرپنجاب ن لیگ مقررکرے گی اور  سندھ کا گورنر پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی مشاورت سے ہوگا۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتوں پرمشتمل کمیٹی نے وزارتوں کی تقسیم مکمل کرلی ہے اتحادی جماعتوں نے ایک دن کا وقت مانگا ہے اور کہا ہے کہ ایک دن چاہیے تاکہ پارٹی میں فیصلہ کرلیں کس رکن کو کون سی وزارت دینی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزارتوں کی تقسیم ہوگئی اب اتحادی جماعتیں اپنے اراکین کے نام دیں گی ۔ دیگرجماعتوں کے نام وزارتوں کیلئے سامنے آئیں گے تو ن لیگ بھی سامنے لائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ کا تقاضا پیپلزپارٹی نے کیا تھا انہوں نے کہا تھا بلاول بھٹو وزیر خارجہ بننے کیلئے سوچ رہے ہیں، بلاول بھٹو شہبازشریف کابینہ کا حصہ بنیں گے یا نہیں حتمی طورپرکچھ نہیں کہہ سکتا۔

مزیدخبریں