اسلام آباد: پاکستان نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے پاک افغان سرحد پر پیش آنے والے واقعات میں اضافے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد افغان سرزمین سے پاکستان میں سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگرد افغان سرزمین کو پاکستان میں کارروائیوں کیلئے استعمال کررہے ہیں اور پاکستان کی سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جارہا ہے، افغان حکومت سے بارہا پاک افغان سرحدی علاقے کو محفوظ بنانے کی درخواست کر چکے ہیں۔کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد پاکستان کی سرحدی علاقوں میں موجود چوکیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات پاک افغان سرحد پر امن برقرار رکھنے کی کوششوں کو شدید متاثر کر سکتے ہیں، افغان حکومت پاک افغان سرحدی علاقے کو محفوظ بنائے۔
افغان نظام الامور کو 14 اپریل کے واقعہ پراحتجاجی مراسلہ دیا گیا جبکہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں پر بھی احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔
واضح رہے کہ 14 اپریل کو شمالی وزیرستان میں افغان سرزمین سے ہونے والے حملے میں پاک فوج کے 7 جوان جام شہادت نوش کر گئے تھے۔