وزیر اعظم شہباز شریف کی دیامر بھاشا ڈیم 2026 تک مکمل کرنے کی ہدایت

وزیر اعظم شہباز شریف کی دیامر بھاشا ڈیم 2026 تک مکمل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف  دیامر بھاشا ڈیم کی سائٹ پر پہنچ گئے جہاں   پراجیکٹ پر جاری تعمیراتی کام کا  جائزہ لیا اور یامر بھاشا ڈیم کو جلد مکمل کرنے کا حکم دیدیا۔


تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف  دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ پر جاری تعمیراتی کام کامعائنہ کرنے کیلئے سائٹ کے دورہ پر موجود ہیں، ان کے ہمراہ  سینئر ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف اور ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب بھی ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر میگا انرجی پراجیکٹس لگانے کے بارے میں سوچنا ہوگا،  دیامر بھاشا ڈیم ملک کی معاشی ترقی کے لیے اہم ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس منصوبے پر اب تک اربوں روپے خرچ ہو چکے ہیں، اس کی تعمیر کو جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے واپڈا کو 2029 تک اس منصوبے پر عملدرآمد کے مقررہ وقت کے بجائے 2026 تک مکمل کرنے کا نیا ہدف دے دیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ اس دنیا میں کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ یہ منصوبہ آبپاشی اور زراعت کے شعبوں کو فروغ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی فصلوں کے لیے پانی کی بہت زیادہ ضرورت ہے، بارش کے پانی کو بڑی مقدار میں ذخیرہ کرنے کی ضرورت  ہے جو سمندر میں چلا جاتا ہے اور ضائع ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 1998 میں ڈیم کے لیے زمین کی خریداری کے لیے فنڈز فراہم کیے اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے 2018 میں اپنے دور میں اس منصوبے کو آگے بڑھایا۔

شہبازشریف نے چلاس میں ہسپتال بنانے کی ضرورت پر  بھی زور دیا ۔ اس کے علاوہ انہوں نے شہر میں مواصلاتی ذرائع کو بہتر بنانے کے لیے 1300 کلومیٹر طویل سرنگ کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔جبکہ غیر ملکیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کی پیشکش بھی کی۔

دوسری جانب چیئرمین واپڈا لیفٹنٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے وزیراعظم اور انکی ٹیم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ تاہم، اس منصوبے کی تکمیل کے بعد 16 ہزار  ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے ،انہوں نے بتایا  کہ  2.6 ٹریلین روپے کے متعدد دیگر پروگرام شروع کیے جا رہے ہیں۔چیئرمین نے کہا کہ ڈیم سے ملک میں بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا، اس کے علاوہ فوڈ سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ  دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے سابق وزیر اعظم عمران خان اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے قائم کردہ فنڈ میں اربوں روپے جمع ہوئے۔اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق جون 2019 تک دیامر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کیلئے قائم کیے گئے فنڈ میں  اندرون و بیرون ملک سے ساڑھے 10 ارب روپے سے زائد کی رقم جمع ہوئی۔

مصنف کے بارے میں