اسلام آباد، جہانگیر ترین کے حمایتی اور تحریک انصاف کے ناراض رہنما سلمان نعیم نے دعویٰ کیا ہے کہ بہت سارے ممبران جہانگیر ترین کی حمایت میں ہیں مگر ابھی وہ سامنے نہیں آئے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین نے اس ماہ کی21 تاریخ کو اراکین کے اعزاز میں افطار ڈنر کے پروگرام کا انعقاد کیا ہے، ملاقات کے بعد حتمی فیصلہ کیاجائےگا‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’آج دو اراکین اسمبلی جہانگیر ترین کی حمایت میں سامنے آگئے، جن میں سے ایک قومی اور دوسرا صوبائی اسمبلی کا رکن ہے، بہت سارے ممبران ابھی سامنے بھی نہیں آئے، ممکن ہے وہ 21 اپریل کے بعد کھل پراپنی حمایت کا اعلان کردیں‘۔
سلمان نعیم کا کہنا تھا کہ ’جہانگیر ترین نے ہمیشہ قانون کا احترام کیا اور وہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے، وہ ان مقدمات کا سامنا کرنے کے بعد سرخرو ہوں گے‘۔
یاد رہے کہ آج لاہور کی بینکنگ کورٹ میں جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، جس میں جہانگیر ترین پیش ہوئے۔
جہانگیر ترین جب عدالت پہنچے تو ان کے ہمراہ ایم این اے راجہ ریاض، عون چوہدری، چوہدری منظور، خرم لغاری، صوبائی وزیر ملک نعمان لنگڑیال،ایم این اے خواجہ شیراز، مبین عالم انور، سمیع گیلانی، فیض الحسن شاہ بھی تھے۔ مجموعی طور پر 21 اراکین صوبائی جبکہ 6 رکن قومی اسمبلی اور 2 وزرا بھی اُن کے ہمراہ تھے۔
عدالت نے دلائل کے بعد جہانگیر ترین، علی ترین ، رانا نسیم اور عامر وارث کی عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کر دی۔