سعودی پولیس نے پاکستانی اور بھارتی افراد پر مشتمل جعلساز گروہ پکڑلیا

04:38 PM, 17 Apr, 2021

ریاض،سعودی پولیس نے پاکستانی اور بھارتیوں پر مبنی جلعساز گروہ کے دس ارکان کو گرفتار کرلیا ۔ جعلسازوں کو گروہ عوام کو نوکری دلانے کے بہانے لوٹ رہا تھا ۔

سعودی عرب میں ریاض پولیس کے ترجمان میجر خالد الکریدیس نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کی خصوصی ٹیم نے لوگوں کو پرکشش نوکری کا جھانسہ دے کر انہیں لوٹنے والے دس رکنی گروہ کو گرفتار کیا ہے۔

سعودی خبررساں ادارے کے مطابق گروہ میں چھ پاکستانی اور بھارتی شامل ہیں جبکہ ان کے دوساتھیوں کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ بیرون ملک سے نیٹ ورک سے منسلک تھے۔

جعل ساز گروہ سے تعلق رکھنے والے چار بنگلہ دیشیوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جو ملزمان کو غیر قانونی موبائل اور انٹرنیٹ سمز فراہم کرتے اور ان کی مجرمانہ کارروائیوں کے شریک تھے۔

میجر خالد الکریدیس نے مزید بتایا کہ ملزمان کو ریاض، مکہ مکرمہ اور مشرقی ریجن سے حراست میں لیا گیا ہے جن سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

گروہ کے بارے میں معلوم ہوا کہ انہوں نے مختلف دھوکے بازی کی وارداتوں کے ذریعے مختلف لوگوں سے 15 لاکھ ریال سے زائد رقم ہتھیائی تھی۔

ملزمان کے قبضے سے 40 ہزار ریال نقد، سونے کے زیورات اور چار ہزار 800 نیشنل اور انٹرنیشل موبائل سمز بھی برآمد ہوئی ہیں۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان ایسے افراد کا شکار کرتے تھے جو روزگار کی تلاش میں یا بینک سے قرض لینے کے لیے کوشاں ہوتے۔

ملزمان سوشل میڈیا پرانتہائی پرکشش تنخواہ اور مراعات پرمبنی نوکری اور آسان قرض حاصل کرنے کا اشتہار دیتے انٹرویو کے لیے آن لائن وڈیو کانفرنس کا انتظام کرتے تھے۔

انٹرویو کے بعد نیٹ ورک کی جانب سے بائیو ڈیٹا اور فائل مکمل کرنے کے لیے درخواست گزار کی ذاتی معلومات جن میں بینک اکاونٹ کی تفصیلات بھی شامل ہوتی تھی حاصل کی جاتی تھیں۔

واضح رہے اس سے قبل موبائل فون پر خطیر رقم انعام میں نکلنے کی نوید سنا کرلوگوں کو لوٹا جاتا تھا بعدازاں بینک اکاؤنٹ اپ ڈیٹ کرنے کا کہہ کرلوگوں کی بینک معلومات حاصل کرکے ان کے اکاؤنٹ سے رقم منتقل کرالی جاتی جبکہ اب پرکشش نوکری اور آسان قرضے کا لالچ دے کر واردات کا نیا طریقہ اختیار کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں