کنسٹرکشن انڈسٹری کا مراعاتی پیکج ، صدر مملکت نے آرڈیننس پر دستخط کر دیئے

09:52 PM, 17 Apr, 2020

اسلام آباد:  وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد کنسٹرکشن انڈسٹری کے لیے مراعاتی پیکج کے آرڈیننس پر صدر مملکت نے دستخط کر دیئے ہیں۔

اس سے قبل وفاقی کابینہ نے کنسٹرکشن انڈسٹری کےلئے مراعاتی پیکیج کے سلسلے میں آرڈیننس کی منظوری دی تھی۔ اس سلسلے میں انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء میں ترامیم کی گئی ہیں جس کے تحت بلڈرز اور ڈویلیپرز کے لئے فکسڈ ٹیکس رجیم، فی مربع فٹ/ فی مربع گز کی بنیاد پر فکس ٹیکس کا نفاذ ہوگا۔

سیمنٹ اور سٹیل کے علاوہ تمام مٹیریل پر کوئی ود ہولڈنگ ٹیکس نہیں ہوگا۔ سروسز (خدمات) کی فراہمی پر ود ہولڈنگ ٹیکس سے استثنیٰ ہوگا۔ بلڈرز اور ڈویلپرز جتنا ٹیکس ادا کریں گے اس کا دس گنا آمدن/ منافع کا کریڈٹ وصول کر سکتے ہیں۔

نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے کم لاگت والے گھروں کے لئے ٹیکس کو نوے فیصد تک کم کر دیا گیا ہے۔ اس سکیم کا اطلاق 31 دسمبر 2020ء سے پہلے شروع کیے جانے والے منصوبوں اور موجودہ نامکمل منصوبوں پر ہوگا جو اس سکیم کے تحت رجسٹرڈ ہوں۔ نئے اور جاری منصوبوں کو آئی آر آئی ایس ویب پورٹل کے ذریعے فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر رجسٹر کرانا ہوگا۔

دوسری جانب وفاقی کابینہ نے ذخیرہ اندوزوں سے متعلق آرڈیننس کی منظوری بھی دیدی ہے۔ آرڈیننس کے منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے دی گئی ہے۔

آرڈیننس کا اطلاق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی حدود میں ہوگا۔ مجوزہ آرڈیننس میں ذخیرہ اندوزی کرنے والے افراد کو تین سال قید اور ضبط شدہ مال کی مالیت کا پچاس فیصد بطورجرمانہ عائد کیا جائے گا۔

مزیدخبریں