اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کورونا وائرس کی صورتحال میں حکومتی اقدامات پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق کی غلط ترجیحات کے نتائج کا پورا ملک سامنا کر سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ عالمی وبا کے دوران اگلے محاذوں پر خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹروں اور نرسوں کیلئے بڑے امدادی پیکجز کا اب تک اعلان نہیں ہوا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یومیہ اجرت پر انحصار کرنے والے لاک ڈاؤن سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے، ان کے لئے بھی امدادی پیکج کا اعلان نہ ہوا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ تاہم پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا کے دوران تعمیراتی صنعت کیلئے بڑے امدادی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے۔
انہوں نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ انسانی زندگی پر نفع کو ترجیح صحت کے بحران میں ہمارے اقدامات کا تعین کر رہی ہے۔وفاق کی غلط ترجیحات کے نتائج کا پورا ملک سامنا کر سکتا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اپنے شعبہ صحت کے نظام، مزدوروں اور ضرورت مندوں سے تعاون کریں۔