اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ماہ رمضان المبارک کیلئے علمائے کرام کی مشاورت سے حفاظتی تدابیر پر مبنی لائحہ عمل ترتیب دیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق ، وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کو ہدایت جاری کی ہے کہ ماہ رمضان المبارک کیلئے علمائے کرام کی مشاورت سے حفاظتی تدابیر پر مبنی لائحہ عمل ترتیب دیا جائے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے آج وزیر اعظم سے خصوصی ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات میں نورالحق قادری نے وزیراعظم کو علمائے کرام کی صدر مملکت سے ہونے والی میٹنگ کے حوالے سے بات چیت کی۔ اس موقع پر میڈیا سٹریٹجی کمیٹی کے اجلاس میں قومی اور سیاسی امور پر مشاورت بھی کی گئی۔
خیال رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی رمضان المبارک کے دوران باجماعت نماز اور صلوة التراویح کے بارے میں ہفتے کو علمائے کرام سے مشاورت کریںگے۔ اس اہم اجلاس میں کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات پر مبنی حکمت عملی وضع کی جائے گی۔
صدر مملکت نے آج اس سلسلے میں جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے نماز تراویح کے حوالے سے مشاورت جبکہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق، ساجد میر اور رانا تنویر کو بھی ٹیلی فون کیا۔ صدر عارف علوی کے زیر صدارت علمائے کرام کا مشاورتی اجلاس کل ایوان صدر میں ہوگا۔
وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا اس معاملے پر کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں تراویح اور نماز جمعہ کے اجتماعات پر لائحہ طے کیا جائے گا جبکہ تمام صوبائی حکومتوں سے بھی تجاویز لی گئی ہیں۔ صدر مملکت کی ہدایات پر اتفاق رائے کیلئےمشاورت جاری ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیرِاعظم نے کہا تھا کہ وہ بہت جلد علمائے کرام سے ملاقات کریں گے تاکہ ان کی رہنمائی سے رمضان المبارک کے حوالے سے حکمت عملی تشکیل دی جا سکے۔