لاہور: کورونا وائرس کے باعث پنجاب کو مالی طور پر شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سیکریٹری خزانہ پنجاب نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث پنجاب شدید مالی بحران کا شکار ہے اس کی روک تھام کے لیے اب تک 26 ارب روپے خرچ کیے جاچکے ہیں جس کی وجہ سے اورنج لائن ٹرین سمیت بڑے ترقیاتی منصوبے اگلے مالی سال کے لیے مؤخر ہوگئے ہیں۔
سیکریٹری خزانہ کا کہنا تھاکہ کہ پنجاب کو وفاق سے طے شدہ رقم سے 450 ارب روپے کم مل رہے ہیں اور صوبائی محکموں کو ترقیاتی کام روکنے اور غیر ترقیاتی اخراجات کم کرنے کا بھی حکم ملا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے اوور ڈرافٹ کی رقم 37 ارب سے بڑھا کر 113 ارب کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے، ٹیکس وصولی کی مد میں 125 ارب روپے کا خسارہ ہو رہا ہے کیونکہ پنجاب میں ٹیکس وصولی کا ٹارگٹ 388 ارب تھا جو اب 263 ارب وصول ہورہا۔
سیکرٹری خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکسوں کی وصولی، وفاقی امداد میں کمی اور کورونا اخرجات کی مد میں 601 ارب کے خسارے کا سامنا ہے اس صورتحال میں وفاقی حکومت نے پنجاب کی مالی مدد نہ کی تو مالی بحران پیدا ہوسکتا ہے۔