کراچی : معروف گلوکار اور اداکار علی ظفر نے کہا ہے کہ روحانیت اور سکون کا سفر انسان کے اندر سے شروع ہوتا ہے جس کے لئے ہر چیز کے لئے مثبت سوچ اور اپروچ رکھتے ہوئے خود احتسابی اختیار کرنا بے حد ضروری ہے۔
علی ظفر نے ایک آن لائن شو میں روحانیت پر سوال کے جواب میں مولانا روم کی تعلیمات کا ذکر کرتے ہوئے اپنے پرستاروں کو مشورہ دیا کہ وہ ڈرائنگ رومز میں بیٹھنا چھوڑ دیں اور باہر نکل کر دوسروں کے دکھ و درد سے آشنائی حاصل کریں کیونکہ اگر آپ کسی کی زندگی اچھی کر گئے تو آپ کی اپنی زندگی مکمل طور بدل جائے گی اور دائمی سکون و اطمینان کا سفر شروع ہو گا۔
ایک دوسرے سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ان کو پہلی بار ساتویں جماعت میں محبت ہوئی تھی اور اپنی محبت کے اظہار کے لئے ایک کیسٹ میں پرانا گانا اور شعر بھر کر ان کی دوست کے ہاتھ انھیں پہنچایا تھا جو انھوں نے لینے سے انکار کر دیا اور ان کی یہ کیسٹ آج بھی ان کے الماری کی دراز میں یادگار کے طور پڑی ہے۔