ممبئی:بالی ووڈ ایکشن فلم باغی 2 نے 250 کروڑ کما کر ابھرتے ہوئے اداکار ٹائیگرشروف کو سٹار بنا دیاہے، جس کے بعد انڈسٹری کے دیگر اداکاروں کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی۔
گذشتہ دنوں ریلیز ہونے والی ساجد ناڈیاوالا کی اس فلم نے توقع سے زیادہ بزنس کرتے ہوئے تجزیہ کاروں کو چونکا دیا۔ فلم مجموعی طور پر 250 کروڑکا بزنس کر چکی ہے، یعنی فلم لوکل اور انٹرنیشنل دونوں مارکیٹوں میں سپرہٹ ثابت ہوئی ہے۔ایکشن اور اسٹنٹ سے بھرپورباغی 2 کوناظرین نے بے حد سراہااور 30 مارچ کو بڑے پردے پر پیش ہونے والی اس فلم کو شان دار پذیرائی ملی۔فلم نے پہلے دن 25 کروڑسے زائد کا بزنس کر کے تجزیہ کاروں کو حیران کر دیا۔ یاد رہے کہ سنجے لیلا بھنسالی کی بلاک بسٹر فلم پدماوت بھی اپنی ریلیز کے پہلے دن اتنا بزنس نہیں کرسکی تھی۔ یوں ٹائیگر کی فلم سال کی سب سے بڑی اوپننگ قرار پائی۔
واضح رہے کہ کنگ خان شاہ رخ خان کی حالیہ فلمیں بھی 150 کروڑ کی نفسیاتی حد عبور کرنے میں ناکام رہی تھیں۔ اجے دیوگن اور اکشے کمار کی ایک دو فلموں ہی نے انڈیا اور انٹرنیشنل مارکیٹ میں اتنا بزنس کیا۔ باغی 2 کے ذریعے ٹائیگر شروف خانز کی مقبولیت کے قریب پہنچ گئے ہیں اور سب کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔